تازہ ترین

امریکہ نے پھر مسئلہ فلسطین کے حل کی ساری ذمہ داری فلسطینیوں پر ڈال دی

عمان: امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے فلسطینیوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی بات چیت کی طرف لوٹیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مائک پومپیو کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی اسرائیلی تنازعے کا دو ریاستی حل قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایسے حل تک پہنچا جا سکتا ہے جس پر فریقین راضی ہوں۔

مائک پومپیو سعودی عرب اور اسرائیل کے دورے کے بعد آج اردن کے دارلحکومت عمان پہنچے جہاں انھوں نے اپنے اردنی ہم منصب ایمن صفادی کے ساتھ پریس کانفرس کی۔

پریس کانفرنس میں انھوں نے واضح طور پر کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق ہے اور امریکا اس کے ساتھ ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں غزہ اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر گولیاں برساکر تقریباً پچاس فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

اردن کے وزیر خارجہ صفادی کا بھی کہنا تھا کہ دو ریاستی حل کی طرف پیش رفت کا فقدان نظر آتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی ایک بڑی وجہ ہے۔ پریس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ نے شام میں ایرانی کردار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

غزہ : اسرائیلی فورسزکی فائرنگ‘ 4 فلسطینی شہید‘ 955 زخمی

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں پر لازم ہے کہ وہ سیاسی رابطے جاری رکھیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر فریقین دو ریاستی حل پر متفق ہوتے ہیں تو وہ بھی اس کو سپورٹ کریں گے۔

خیال رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے مابین تعلقات اب جتنے زیادہ قریبی ہیں اتنے پہلے کبھی نہیں رہے تھے، جب سے دسمبر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے تب سے فلسطینی لیڈرشپ نے وائٹ ہاؤس کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -