واشنگٹن (11 فروری 2026): امریکی حکام نے دباؤ بڑھانے کے لیے اب ایرانی تیل بردار جہازوں کے قبضے پر نگاہیں مرکوز کر دی ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی حکام نے ایرانی تیل لے جانے والے ٹینکرز کو ضبط کرنے کے ممکنہ اقدام پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ ایران پر معاشی اور سیاسی دباؤ بڑھایا جا سکے۔
اس منصوبے کا مقصد تہران کی سب سے بڑی آمدنی یعنی تیل کی برآمدات کو نشانہ بنانا ہے، تاکہ ایران کو اپنی پالیسیوں میں سخت اقدامات کے لیے آمادہ کیا جا سکے۔
اخبار کے مطابق اس اقدام پر وائٹ ہاؤس میں بحث ہو رہی ہے اور اسے ایران کے جوہری مذاکرات کے عمل میں ایک آپشن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی حکومت چاہتی ہے کہ اگر مذاکرات سے مطلوبہ نتائج نہ نکلیں تو اس کے پاس ’’متعدد آپشنز‘‘ موجود ہوں۔
تاہم امریکی حکام کو اس بات خدشہ بھی ہے کہ اس طرح کے ٹینکرز کو ضبط کرنے میں کئی رکاوٹیں پیش آ سکتی ہیں، سب سے بڑا خطرہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کا ہے، جس میں ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا سکتا ہے یا خطے میں امریکا کے اتحادی ممالک کے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
ٹرمپ کی ایران کیلیے دوسرا بحری بیڑہ بھیجنے کی دھمکی
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ چند ماہ میں متعدد ایسے جہاز ضبط کیے ہیں جو ایران کے ’’شیڈو فلیٹ‘‘ یعنی خفیہ بیڑے کا حصہ سمجھے جاتے ہیں، جو پابندیوں کے باوجود ایران اور دیگر ممالک سے تیل منتقل کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا ایران کے ٹینکرز کو ضبط کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو یہ نہ صرف ایران کی معیشت پر دباؤ ڈالے گا بلکہ خطے میں تیل کی قیمتوں اور عالمی مارکیٹ پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جب کہ ایران کی ممکنہ جوابی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں امریکا فوجی کارروائی کی تیاری بھی کر رہا ہے، اور ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران پر حملے کے لیے دوسرا بحری بیڑہ بھیج سکتے ہیں، امریکی صدر نے کہا مشرق وسطیٰ میں دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز اسٹرائیک گروپ بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہم کوئی معاہدہ کریں گے یا پچھلی بار کی طرح کچھ بہت سخت کرنا پڑے گا، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے، ایران معاہدہ کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، فوجی دباؤ کے باعث ایران پہلے سے زیادہ سنجیدگی دکھا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


