واشنگٹن (04 دسمبر 2025): امریکا نے دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ویزے جاری کرنے کے لیے شرائط مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے قوائد و ضوابط متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ٹامی پگٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ویزوں کے اجرا اور اسکریننگ کے عمل کے لیے نئے رہنما اصول اور سخت جانچ پڑتال کی پالیسی نافذ کر دی ہے۔
ٹامی پگٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ’نیا ویٹنگ پروسیجر‘ متعارف کرایا ہے جس کے تحت قونصلر افسران کو اضافی نکات اور نئی شرائط کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر درخواست کی جانچ پہلے سے زیادہ سخت ہو۔
کابینہ اجلاس میں نیند سے جنگ، ٹرمپ کی ویڈیو وائرل، امریکی ٹی وی کی کاٹ دار تنقید
انھوں نے کہا کہ ہر ایک فیصلہ قومی سلامتی کا فیصلہ ہوتا ہے، ہم روزانہ کی بنیاد پر ان طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہیں، انھیں بہتر بنانے کے طریقوں پر غور کرتے ہیں اور یہ یقینی بناتے ہیں کہ امریکا آنے والے افراد امریکیوں کے لیے خطرہ نہ ہوں۔
ٹامی پگٹ نے کہا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بنیادی اصول ’کامن سینس‘ پر مبنی ہے یعنی ایسے افراد کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے جو کسی قسم کا نقصان پہنچا سکتے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پالیسیوں کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں


