نیو یارک(19 ستمبر 2025): امریکا نے چھٹی بار غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔
خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کے مطالبے پر مبنی قرارداد امریکا کی جانب سے ویٹو کیے جانے کے باعث منظور نہیں ہو سکی، 15 رکنی سلامتی کونسل کے ارکان میں 14 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
قرارداد میں حماس اور دیگر فلسطینی گروہوں کی قید میں تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا، قراداد میں اسرائیل کی حکومت سے کہا گیا کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں اور رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائے۔
یہ قرارداد سلامتی کونسل کے 10 غیرمستقل ارکان کی جانب سے پیش کی گئی جن میں پاکستان، پانامہ، الجزائر، جمہوریہ کوریا، ڈنمارک، سلوانیہ، سیرالیون، صومالیہ، گیانا اور یونان شامل ہیں۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل سفیر باربرا ووڈورڈ نے کہا کہ ان کے ملک نے غزہ میں سنگین انسانی بحران سے نمٹنے، یرغمالیوں کی واپسی اور تنازع کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کے لیے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


