واشنگٹن : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے بعد واپس امریکا پہنچ گئے، جے ڈی وینس نے ایرانی وفد سے اکیس گھنٹے مذاکرات کئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں ایران کے ساتھ ہونے والے اہم مذاکرات میں شرکت کے بعد واپس امریکہ پہنچ گئے ہیں۔
ان کا طیارہ اسلام آباد سے براہِ راست امریکی ریاست میری لینڈ میں واقع جوائنٹ بیس اینڈریوز پر لینڈ کر گیا ہے۔
امریکی نائب صدر خصوصی طور پر ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے پاکستان کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ایرانی وفد کے ساتھ مسلسل 21 گھنٹے طویل مذاکرات کیے۔
وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے اور وہ ایران کو "بہترین آپشن” دے کر جا رہے ہیں، امید ہےان مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
جے ڈی وینس نے اپنے دورے کے دوران بہترین میزبانی اور سہولت کاری پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے امریکہ اور ایران کے درمیان اختلافات دور کرانے کے لیے "حیرت انگیز کام” کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس حساس معاملے میں ایک بہترین ثالث کا کردار ادا کیا ہے جس پر امریکی انتظامیہ ان کی مشکور ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


