امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ فی الحال حماس کو غیرمسلح کرنے کے لیے کوئی سیکیورٹی نظام موجود نہیں ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اب تک یوکرین کو ٹوماہاک میزائل دینے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح طور پر مثالی نہیں لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ جنگ بندی معاہدے نے اسرائیل اور مسلم ممالک کے درمیان دیرپا امن کی راہ ہموار کردی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس اگر اسرائیل پر گولی چلاتی ہے تو پھر اسرائیل کو بھی یقیناً ردعمل دینا پڑے گا۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی ہٹ دھرمی کی روایت کو برقرار رکھا ہے اور امدادی سامان کی آمد معطل کردی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے حماس پر الزامات لگانے کے بعد اسرائیل کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کی دھمکی دی گئی اور پھر اپنی دھمکی پر عمل کرتے ہوئے امداد کا داخلہ بھی معطل کردیا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق غزہ پر درجنوں فضائی حملوں کے بعد ایک اسرائیلی سیکیورٹی اہلکار نے اتوار کی شام اعلان کیا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کا داخلہ معطل کر دیا ہے۔
اسرائیلی عہدیدار نے اس فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حماس نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، اسرائیلی اہلکار نے یہ بھی کہا کہ حماس کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے بعد غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کا داخلہ اگلے نوٹس تک روک دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مزید 45 فلسطینی شہید
تاہم اسرائیلی نشریاتی ادارے نے ایک سیاسی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیاسی قیادت کی ہدایت کے تحت امداد کل غزہ میں داخل ہو گی، ذرائع نے مزید کہا کہ شدید بمباری اور حماس کے درجنوں ارکان کی شہادت کی وجہ سے اسرائیل نے آج ٹرکوں کی آمدورفت روک دی۔ حملے رک جانے کے بعد دوبارہ آپریشن شروع کردیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


