واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کی نئی حکومت سے مکمل تعاون کے ساتھ خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے نئی حکومت کے لیے رہنماؤں کا انتخاب کرلیا ہے، امریکا جنوبی ایشیاء میں سیکیورٹی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی راہیں تلاش کرے گا۔
امریکا نے عام انتخابات کے نتائج کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ خطے میں امن و خوشحالی کے لیے دونوں ممالک مشترکہ کردار ادا کریں گے۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق امریکا پاکستان کی پچھلی حکومتوں کے ساتھ بھی تعاون کرتا رہا ہے، دونوں ممالک کا مل کر کام کرنا خطے کے مفاد میں ہے اس لیے اس موقع کو کھونا نہیں چاہئے۔
قبل ازیں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزاد اور صاف شفاف الیکشن کی حمایت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ملک کے نئے وزیر اعظم ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد عمران خان نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بھارت سمیت امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔