واشنگٹن (08 جنوری 2026): امریکا 35 غیر اقوامِ متحدہ تنظیموں اور 31 یو این اداروں سے دست بردار ہو جائے گا، ٹرمپ نے ان اداروں سے علیحدگی کی وجہ امریکی مفادات سے تصادم کو قرار دیا۔
روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا کہ امریکا درجنوں بین الاقوامی اور اقوامِ متحدہ کے اداروں سے دست بردار ہو جائے گا، جن میں ایک اہم ماحولیاتی معاہدہ اور اقوامِ متحدہ کا وہ ادارہ بھی شامل ہے جو صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ادارے ’’امریکی قومی مفادات کے خلاف کام کرتے ہیں۔‘‘
صدر ٹرمپ کی جانب سے اعلیٰ انتظامی حکام کو ارسال کی گئی ایک یادداشت میں 35 غیر اقوامِ متحدہ تنظیموں اور 31 اقوامِ متحدہ کے اداروں کی فہرست دی گئی ہے، ان میں اقوامِ متحدہ کا فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) بھی شامل ہے، جسے ایک ’’بنیادی‘‘ ماحولیاتی معاہدہ قرار دیا جاتا ہے اور جو 2015 کے پیرس ماحولیاتی معاہدے کا مرکزی فریم ورک ہے۔
امریکی امیگریشن افسر نے خاتون ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل
امریکا نے گزشتہ سال تین دہائیوں میں پہلی مرتبہ اقوامِ متحدہ کے سالانہ بین الاقوامی موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ قدرتی وسائل کے دفاعی کونسل (نیچرل ریسورسز ڈیفنس کونسل) کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر منیش باپنا نے کہا ’’امریکا اقوامِ متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی سے علیحدہ ہونے والا پہلا ملک ہوگا۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’دنیا کے تمام دیگر ممالک اس کے رکن ہیں، جزوی طور پر اس لیے کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی اخلاقی ذمہ داری کے علاوہ، ان مذاکرات میں شامل ہونا وسیع معاشی پالیسیوں اور مواقع کو تشکیل دینے کی صلاحیت بھی فراہم کرتا ہے۔‘‘
وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل تیل وصول کرنے کے بعد مارکیٹ ریٹ پر بیچیں گے، مارکو روبیو
امریکا یو این ویمن (UN Women) سے بھی دست بردار ہو جائے گا، جو صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرتا ہے، اسی طرح اقوامِ متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (UNFPA) سے بھی علیحدگی اختیار کرے گا، جو 150 سے زائد ممالک میں خاندانی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ماں اور بچے کی صحت پر توجہ دیتا ہے۔ امریکا نے گزشتہ سال UNFPA کی فنڈنگ بھی ختم کر دی تھی۔
یادداشت میں کہا گیا ہے ’’اقوامِ متحدہ کے اداروں سے دست برداری کا مطلب ان اداروں میں شرکت یا ان کی مالی معاونت کا خاتمہ ہوگا۔‘‘ یاد ہے کہ ٹرمپ پہلے ہی اقوامِ متحدہ کے بیش تر اداروں کے لیے رضاکارانہ فنڈنگ میں نمایاں کٹوتی کر چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


