تازہ ترین

چھ سالہ ننھی ماریہ کا مفت علاج، امریکا نے ویزا جاری کردیا

اسلام آباد: جینیاتی بیماری میں مبتلا 6 سالہ ننھی ماریہ، اُس کے والد اور والدہ کو امریکا نے علاج کے لیے ویزا جاری کرتے ہوئے مفت علاج کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے نے 6 سالہ پاکستانی ماریہ کو علاج کی غرض سے امریکا جانے کی اجازت دیتے ہوئے اُس کے والد اور والدہ کو ویزا جاری کردیا۔

ماریہ کے والد شاہد اللہ نے غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دنیا بھر میں اُن تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری مدد کی اور بیٹی کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی‘‘۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ شاہداللہ، ان کی بیٹی ماریہ اور اہلیہ کا ویزا منظور کر لیا گیا ہے۔ ماریہ کا علاج ’’ڈیلویئر میں ویلنگٹن اسپتال‘‘ میں بالکل مفت کیا جائے گا۔

شاہد اللہ کا تعلق متوسط طبقے سے ہے اور وہ راولپنڈی کی ایک چھوٹی سی دکان میں کارپٹ کی خرید و فروخت کا کام کرتے ہیں، ماریہ نامی 6 سالہ بچی ایک جینیاتی بیماری میں مبتلا ہے جسے ’’مورکیو سنڈروم‘‘ کہا جاتا ہے۔

پاکستان میں موجود طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں کیونکہ اس میں ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ پڑتا ہے جس کے باعث متاثرہ شخص کی نشوونما بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

Comments

- Advertisement -