واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف اور بھارت میں بڑھتے مظالم کی نشاندہی کی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کیخلاف کامیاب اقدامات کئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 میں پاکستان نے دہشت گردی پر بہت حد تک قابو پایا یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی سے اموات کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیں: کشمیری نوجوانوں کو کیوں پناہ دی؟ بھارت کی نوجوان خاتون صحافی کو دھمکیاں
امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 2018 تک 686 افراد جاں بحق جبکہ 2017 میں تعداد 1 ہزار 260 کے قریب تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ میں بھارت میں ہونے والے مسلسل مظالم کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں پولیس کی زیرحراست خواتین سے زیادتی،ماورائے عدالت قتل،جبری گمشدگیاں،سوشل میڈیا کوبلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کرپشن کا کلچر فروغ پاررہا ہے اورحکومت نے کرپشن کوکسی بھی سطح پرروکنے کی کوئی کوشش بھی نہیں کی۔