کراچی: سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک اور محبت کا بھیانک انجام سامنے آیا ہے، امریکی شادی شدہ خاتون کو کراچی کے کنوارے لڑکے کے ہاتھوں بڑے دھوکے کا شکار ہونا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں شوہر سے طلاق لے کر پاکستان آنے والی خاتون دربدر ہو گئی، امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن 11 اکتوبر کو پاکستان آئی تھیں، خاتون کے پاس پاکستان کا 30 دن کا ویزا بھی ختم ہو گیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ اونیجا اینڈریو رابنسن 19 سالہ ندال احمد میمن کے جھانسے میں آئی تھی، مبینہ دھوکے باز نوجوان نے خاتون کو شادی کے لیے کراچی بلایا تھا، جس پر وہ 2 بچے چھوڑ کر شوہر سے طلاق لے کر پاکستان آ گئی۔
تاہم، گارڈن ویسٹ کے رہائشی ندال احمد میمن نے شادی سے انکار کر دیا، جس کے بعد خاتون نے کچھ عرصہ گیسٹ ہاؤس پر گزارا اور پھر ایئرپورٹ آئی، خاتون 15 جنوری سے 7 ویں منزل کے ریسٹورنٹ پر رہ رہی تھی،
پولیس ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی جانب سے پولیس کو خاتون سے متعلق مطلع کیا گیا، معاملہ سامنے آنے پر ایئرپورٹ پولیس نے خاتون کی مدد کی، اور فلاحی ادارے کی مدد سے خاتون کے باہر جانے کا بندوبست کیا۔
دھوکے کی شکار امریکی خاتون اس وقت ایئرپورٹ کے ایک محفوظ مقام پر موجود ہے، اونیجا اینڈریو رابنسن کو کل رات 4 بجے وطن واپس بھیجا جائے گا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔



