لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے گوجرانوالہ میں 150 اور وزیر آباد میں 63 ایکڑ اراضی فراہم کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے میں 10 ہزار ایکڑ پر 9 صنعتی مراکز قائم ہوں گے، اسپیشل اکنامک زونز کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے اراضی فراہم کر دی گئی ہے، گوجرانوالہ میں 150 اور وزیر آباد میں 63 ایکڑ اراضی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 غیر ملکی اداروں کی سرمایہ کاری سے 6 ہزار افراد کو روزگار ملے گا، منڈی بہاؤ الدین میں 2 ارب سے پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی بنائیں گے۔ ٹیوٹا کے 7 ہزار گریجویٹس کو بلا سود قرضے فراہم کریں گے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر ممکن حد تک کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کریں گے، ماضی میں اقتصادی ڈاکہ زنی نہ ہوتی تو قوم کو مشکل حالات سے نہ گزرنا پڑتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ معیشت کو سیاست سے پاک رکھا جائے، شور مچا کر کرپشن سے توجہ ہٹانے والے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، عالمی مالیاتی اداروں کا بیل آؤٹ پیکیج اقتصادی پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔