ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نشتراسپتال 2 میں 120 بستروں پرمشتمل ایمرجنسی وارڈ بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے نشتراسپتال 2 کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کا نشتراسپتال معیاری سہولتیں فراہم کررہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اوپی ڈی میں روزانہ 6 ہزارمریضوں کوچیک کیا جاتا ہے، اسپتال میں بلوچستان اورکے پی کے افراد بھی علاج کے لیے آتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ منصوبہ ملتان کے لوگوں کے لیے ایک تحفہ ہے، نشتراسپتال کے فیز 2 کو بہت پہلے شروع کیا جانا تھا، ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے منصوبہ تاخیرکا شکار ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 500 بستروں کا اسپتال بنایا جائے گا، نشتراسپتال 2 میں 120 بستروں پرمشتمل ایمرجنسی وارڈ بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے کام کررہے ہیں، عوام کی خدمت کا سفرجاری رہے گا۔
ہمارا وژن غریب اورامیر میں فرق کوختم کرنا ہے، عثمان بزدار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارا وژن غریب اورامیر میں فرق کوختم کرنا ہے، عوام کا معیارزندگی بلند کرنے کے لیے مثبت حکمت عملی سے کام کیا جا رہا ہے۔