لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی گئی، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی تقریباً 48 فیصد آبادی 18 سال سے کم ہے لیکن ہماری جامعات میں پیڈیا ٹرکس اسپیشلائزیشن کی سیٹیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی ہے، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔
پنجاب کی تقریباً 48٪ آبادی 18 سال سے کم عمر ہے لیکن ہماری یونیورسٹیوں میں Pediatrics سپیشلائزیشن کی سیٹیں نہ ہونےکےبرابر ہیں
ہم نے لاہور میں "یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائسنسز” بنانےکی منظوری دے دی ہےجس کےساتھ پنجاب بھر میں بننےوالے تمام مدر&چائلڈ کئیر ہسپتالوں کو منسلک کیاجائےگا
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) November 17, 2020
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں صحت و تعلیم کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے 3 پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا۔
اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلی فورنیا کی جاری کر دہ فہرست کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ میتھمیٹکس کے ڈاکٹر محمد اکرم دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل ہوگئے۔
بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے 1 لاکھ 60 ہزار محققین کو شامل کیا گیا ہے۔