اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کی درخواست دائر کرنے والے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان سے مشاورت کر کے نظر ثانی اپیل پر جائیں گے، خوشی ہے خواجہ آصف کا فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کی نااہلی کو سپریم کورٹ کی جانب سے معطل کیے جانے کے فیصلے کے بعد درخواست گزار عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ ملنے کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد چیئرمین عمران خان سے مشاورت کروں گا اور مشاورت کے بعد نظر ثانی کی اپیل پر جائیں گے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ خوشی ہے سیالکوٹ میں خواجہ صاحب کا الیکشن میں سامنا کروں گا، ان کا فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔ ’خواجہ صاحب کو مبارک باد دیتا ہوں اب زبردست مقابلہ ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز صاحبہ سن لیں کہ یہ وہی عدالت ہے جس کی آپ تضیحک اور توہین کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی نا اہلی کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف نے اقامہ الیکشن کمیشن سے چھپایا اور سرکاری عہدے پر غیر ملکی کمپنی کی ملازمت کی۔ خواجہ آصف کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص وزیر خارجہ کے اہم منصب پر کیسے فائز رہ سکتا ہے۔ وزیر دفاع ہوتے ہوئے غیر ملکی کمپنی کی ملازمت مفادات کا تصادم تھا۔
عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 26 اپریل کو خواجہ آصف کو نااہل قرار دیا تھا۔
بعد ازاں خواجہ آصف نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس کا فیصلہ سناتے ہوئے آج سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔