اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے بیرون ملک فرار ہونے کی اطلاع ہے۔
تفصیلات کے مطابق عثمان ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ ملک سے فرار ہو گئے ہیں، خواجہ آصف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
[bs-quote quote=”دبئی ہو یا یورپ، خواجہ آصف کا پیچھا کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”عثمان ڈار”][/bs-quote]
پی ٹی آئی رہنما نے کہا ’اطلاعات ہیں کہ خواجہ آصف لمبی چھٹی پر چلے گئے ہیں، خواجہ آصف غیر ملکی کالا دھن سنبھالنے کی آخری کوشش کر رہے ہیں۔‘
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ خواجہ آصف کرپشن کی فائلیں کھلنے کے ڈر سے فرار ہوئے، دبئی ہو یا یورپ، خواجہ آصف کا پیچھا کریں گے۔
خیال رہے کہ ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور نندی پور پاور پروجیکٹ کرپشن کیسز کی انکوائری ہو رہی ہے۔ وہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک گئے۔
یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اورفریال تالپورکی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع
قبل ازیں، خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ سیاسی درجہ حرارت بڑھنے والا ہے، آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا تو طوفان اور ہیجان اٹھے گا۔
انھوں نے نیب کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں بھی اس کا درست استعمال نہیں ہوا، توازن برقرار رکھنے کے لیے اب پی ٹی آئی والوں کی گرفتاریاں ہوں گی۔
خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔