کراچی : کراچی کنگز کے مایہ ناز بالر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ سونا نہیں، ٹی ٹوئنٹی ہے چھکے بھی پڑیں گے لیکن گھبرانا نہیں۔
یہ بات انہوں نے مین آف دی میچ قرار دینے کے بعد رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹنے والے مین آف دی میچ عثمان شنواری کا کہنا ہے کہ پلان کے مطابق بالنگ کی۔
گیند ریورس ہورہی تھی جس کا فائدہ اٹھایا، شائقین نے شاندار انداز میں سپورٹ کیا، جیت پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، شائقین کرکٹ سے گزارش ہے کہ کرکٹ کو ایسا ہی سپورٹ کریں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ میچ سے پہلے وسیم اکرم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ گراؤنڈ میں سونا نہیں، ٹی ٹوئنٹی ہے چھکے بھی پڑیں گے لیکن گھبرانا نہیں، آخری بال تک لڑنا ہوگا۔
یاد رہے کہ عثمان شنواری کے ایک اوور نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا، کوئٹہ کو چھ گیندوں پر صرف پانچ رنز درکار تھے، شنواری نے احمد شہزاد کو سینچری بنانے سے روکا اور کوئٹہ کو بڑا جھٹکا دیا، تیسری گیند پر انور علی کو بھی پویلین بھیج دیا۔
پانچویں گیند پر کپتان سرفرازاحمد کو بولڈ کردیا، آخری گیند پر شائقین کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں لیکن کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی ٹیم دو رنز نہ بناسکی اور کراچی پی ایس ایل کے سپرفور مرحلے میں پہنچ گیا۔