اشتہار

بے مثل نغمہ کار و نغمہ ساز استاد جھنڈے خاں کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

آج فن موسیقی کی وہ شکل رہی ہے اور نہ ہی گائیکی کا وہ انداز جو کبھی برصغیر کے طول و عرض میں فن کاروں کی پہچان ہوا کرتا تھا اور ہر خاص و عام میں مقبول تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ساز بھی بدل گئے اور وہ فن کار اور سازندے بھی دنیا سے رخصت ہوئے جن کی دھنیں اور آواز میں شاعری کی مختلف اصناف امر ہوگئیں۔ جھنڈے خان اُسی عہد کا بھولا بسرا نام ہیں جسے اب صرف فن و ثقافت کی کتابوں میں پڑھا جاسکتا ہے۔ وہ برصغیر کے نام ور اور استاد موسیقار تھے۔ جھنڈے خان کی خوب صورت بندشیں اور مدھر دھنیں ان کی فنی اختراع کا شاہکار ہیں۔ استاد جھنڈے خان کی کلاسیکی موسیقی اور گانے ان کے دور میں تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں میں خاص طور پر شامل کیے جاتے تھے۔ آج استاد جھنڈے خان کی برسی ہے۔ وہ 1952ء میں وفات پاگئے تھے۔

جھنڈے خان کا اصل نام میاں غلام مصطفٰی تھا۔ وہ 1866ء میں جمّوں کے ایک گاؤں کوٹلی اوکھلاں میں پیدا ہوئے تھے۔ موسیقی کا شوق ایسا تھا کہ اس فن کو باقاعدہ سیکھنے کی خاطر انھوں نے ہندوستان کے طول و عرض میں سفر کیا۔ بعد میں بمبئی سکونت اختیار کی جہاں اس زمانے میں موسیقی کے بھنڈی بازار گھرانے کے باکمال فن کاروں چھجو خان، نذیر خان اور خادم حسین خان کی صحبت میں رہے اور ان سے اکتساب کیا۔ وہ ہندوستان کی مشہور تھیٹریکل کمپنیوں سے وابستہ رہے اور ان کے لیے شان دار دھنیں ترتیب دیں اور موسیقی کی دنیا میں اپنے فن کی بدولت بڑا نام پایا۔ بعد میں ناطق فلموں کا سلسلہ شروع ہوا تو تھیٹر کی رونقیں ماند پڑنے لگیں، تب استاد جھنڈے خان کو 30 سے زیادہ فلموں کی موسیقی ترتیب دینے کا موقع ملا۔ ’’چتر لیکھا‘‘ وہ فلم تھی جسے استاد جھنڈے خان کی فنی عظمت کی یادگار کہا جاتا ہے جس میں انھوں نے تمام دھنیں ایک ہی راگ (بھیرویں) میں ترتیب دی تھیں۔ ماہر موسیقار ان کے فن و اختراع کے معترف ہوگئے اور اس کی وجہ یہ تھی کہ سُر ایک ہی تھے لیکن ان کا زیر و بم اپنے تنوع کے باعث یہ محسوس ہی نہیں ہونے دیتا تھا کہ کوئی ایک ہی راگ سماعت کر رہا ہے۔

تقسیمِ ہند کے بعد جھنڈے خان ہجرت کرکے پاکستان کے شہر گوجرانوالہ آگئے تھے اور یہیں وفات پائی۔ رجحان ساز اور اختراع کار جھنڈے خان عام زندگی میں منکسر مزاج اور سیدھے سادے انسان تھے۔ موسیقی سے رغبت اور لگاؤ کی وجہ یہ رہی کہ وہ اکثر درگاہوں اور مزاروں پر جاتے تھے اور وہاں محفلِ سماع میں بڑے شوق سے شریک ہوتے تھے۔ یہی شوق انھیں موسیقی سیکھنے کی طرف لے آیا۔ درگاہوں پر ہی گلوکاروں اور سازندوں کے قریب رہتے ہوئے جھنڈے خان بھی گانے بجانے کی مشق کرنے لگے اور پھر باقاعدہ موسیقی سیکھنے کا ارادہ کر کے جموں سے لاہور پہنچے جہاں ایک پارسی تھیٹریکل کمپنی میں کھیل دیکھنے کا موقع ملا۔ یہیں سے انھیں تھیٹر اور ڈراموں میں دل چسپی پیدا ہو گئی۔ وہاں‌ سید میر قدرت علی حیدر آبادی موسیقار کے طور پر کام کرتے تھے۔ کسی طرح جھنڈے خان ان تک پہنچ گئے اور ان کے شاگرد بن کر ہارمونیم بجانا سیکھ لیا۔ اس طرح ایک کمپنی میں انھیں باجا ماسٹر کے طور پر رکھ لیا گیا۔ جھنڈے خان نے اس ساز پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے بعد بمبئی کو اپنا ٹھکانہ بنا لیا جہاں موسیقی کے بھنڈی بازار گھرانے کے موسیقاروں چھجو خاں، استاد نظیر خاں مراد آبادی اور خادم حسین خاں سے اکتساب کیا۔ موسیقی میں مہارت ہی مختلف تھیٹریکل کمپنیوں سے ان کی وابستگی اور شہرت کی وجہ بنی جس میں اپنی صلاحیت اور لگن سے جھنڈے خان نے ایسی اختراع کیں جو بہت مقبول ہوئیں۔ جھنڈے خان کی خوبی یہ رہی کہ انھوں نے اپنے گانوں کے لیے معروف راگ راگنیاں منتخب کیے اور اس وقت کی روایت کے مطابق اندر سبھا یا دوسرے ڈراموں کی طرح پیچیدہ اور مشکل راگ پسند نہیں کیے۔ تالوں میں بھی عام فہم تالیں ان کو قابل فن کار ثابت کرتی ہیں۔

استاد جھنڈے خاں نے فلموں کی موسیقی ترتیب دی تو پہلے پہل 1931ء میں دیوی دیویانی، 1932ء میں رادھا رانی، 1934 میں ویر ببرووھان، 1936ء میں پربھو کا پیار، 1943ء میں شہنشاہ اکبر جیسی فلموں کے ذریعے فلم سازوں کی توجہ حاصل کی اور شائقین سے بھی داد بٹوری۔ لیکن 1941ء میں استاد جھنڈے خاں کا بے نظیر فنی کرشمہ معروف ہدایت کار کیدار شرما کی فلم”چتر لیکھا“ تھی جس کا تذکرہ اوپر آیا ہے۔

اردو زبان کے صاحبِ اسلوب ادیب اور موسیقار شاہد احمد دہلوی تھیٹر کے زمانۂ عروج کا ذکر کرتے ہوئے اپنے ایک مضمون میں لکھتے ہیں کہ ”آغا حشر نظم و نثر دونوں پر پوری قدرت رکھتے تھے۔ انھوں نے جہاں دوسرے موسیقاروں سے اپنے ڈراموں کے گانوں کی دھنیں اپنی نگرانی میں بنوائیں وہاں ایک بے مثل نغمہ کار و نغمہ ساز استاد جھنڈے خاں کو بھی انھوں نے ہی تلاش کیا۔ استاد جھنڈے خاں تھیٹر کی موسیقی میں غیر فانی یادگاریں چھوڑ گئے۔“

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں