اسلام آباد: حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ استاد کریم خلیلی نے کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان کا دورہ انتہائی نازک وقت پر کیا ہے، پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق استاد کریم خلیلی اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا افغان حکومت اور طالبان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو چکا ہے، پہلے مذاکراتی دور میں قواعد و ضوابط پر معاہدہ طے پایا ہے۔
انھوں نے کہا پہلے دور میں تمام دوست، علاقائی ممالک کی مدد اور تعاون شامل رہا، افغان عوام تنازع کا خاتمہ اور دیرپا امن چاہتے ہیں، افغانستان چار دہائیوں سے بحران سے گزر رہا ہے جسے ختم ہونا چاہیے۔
استاد کریم خلیلی نے کہا کہ افغان قوم اور عالمی برادری افغانستان میں امن چاہتی ہے، پاکستان کا دورہ انتہائی نازک وقت پر کیا ہے، مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔
‘افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے’
واضح رہے کہ سربراہ حزب وحدت اسلامی افغانستان استاد کریم خلیلی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا ہے، انھوں نے آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی، جس میں آرمی چیف نے کہا افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، ترقی کرتا افغانستان پاکستان اور اس کے اپنے بہترین مفاد میں ہے۔