اسلام آباد : یوٹیلٹی اسٹورز نے اپنے اسٹورز پر اوقات کار میں توسیع کردی، اب اسٹورز کے اوقات کار صبح 10 سے رات1 بجے تک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز نے اپنے 200اسٹورز پر اوقات کار میں توسیع کردی ، جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز سپرمارکیٹس کے اوقات کار صبح 10 سے رات1 بجے تک ہوں گے۔
تقریباً 100 یوٹیلٹی اسٹورز پر اضافی پی او ایس مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں ، اضافی پی اوایس مشینوں سے پروسیسنگ کی صلاحیت 25 فیصد بڑھ جائے گی، اس اقدام سے کم وقت میں زیادہ صارفین مستفید ہوسکیں گے۔
وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت ایک کروڑ خاندانوں کو خدمات کی فراہمی جاری ہے۔
یاد رہے یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزیراعظم کے حکم پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کردی تھی ، ترجمان نے بتایا تھا کہ چینی کی قیمت میں 15روپے فی کلو کمی کردی گئی ، جس کے بعد ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو ملے گی۔
اسی طرح آٹے کے 10کلو تھیلے پر 75روپے کی کمی کی گئی ہے، آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 400 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہوگا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دیگر سبسڈائزڈ اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردو بل نہیں ہوا، صارفین اپنے شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ لائیں، رمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہوں۔