لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ہریوں سے بسنت کا تہوار ذمہ داری کے ساتھ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے بسنت کے تہوار سے متعلق قواعد و ضوابط طے کر دیئے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے 10 لاکھ سیفٹی راڈز موٹرسائیکلوں پر مفت نصب کیے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز سے متعلق آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہیں اور ڈور کے پنے، ہر پتنگ اور گڈے پر خصوصی کیو آر کوڈ لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پتنگیں فروخت کرنے والوں اور خریدنے والوں کا مکمل ڈیٹا بھی رکھا جائے گا۔
بسنت کے تین دن شہریوں کو الیکٹرک بسیں، رکشے اور ٹیکسیوں کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کے تہوار کو ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے 25 سال بعد عوام کو بسنت جیسے ثقافتی تہوار کو محفوظ انداز میں منانے کا موقع فراہم کیا ہے اور پنجاب کی ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ سو فیصد مریم نواز کو جاتا ہے۔


