ہفتہ, مارچ 14, 2026
اشتہار

’ٹی ایل پی کے 3800 فنانسرز کا سراغ لگا لیا، معزز نام بھی شامل ہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (21 اکتوبر 2025): عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے 3800 فنانسرز کا سراغ لگا لیا اور سعد رضوی کے نام 95 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں دھواں  دھار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے 3800 فنانسرز کا سراغ لگا لیا ہے، ان میں کئی معزز نام بھی شامل ہیں۔ جب کہ دہشتگرد ٹولے کے سربراہ سعد رضوی کے نام 95 بینک اکاؤنٹس ہیں، جو سب منجمد کر دیے ہیں تاکہ مزید فنانسگ نہ ہو۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سفارش کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ امید ہے کہ ایک دو روز میں اس جماعت پر پابندی کے حوالے سے فیصلہ آ جائے گا۔ دہشتگردی میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ مریدکے میں خون کے دریا بہانے اور لاشیں گرانے کی کہانی گڑھی گئی جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ مجموعی طور پر 48 شہری اور 18 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ لاہور میں 122 اور شیخوپورہ میں 44 پولیس اہلکار زخمی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دہشتگرد ٹولے نے پولیس کی 8 گاڑیوں کو آگ لگائی، اہلکاروں سے اسلحہ چھینا، سیف سٹی کیمرے توڑے اور ریسکیو 1122 گاڑی پر بھی قبضہ کیا۔ سعد رضوی کی ایک ویڈیو بھی ہے، جس میں وہ اپنے کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’’پولیس والوں کو گھیر لو، انہیں جانے نہ دینا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کی 330 مساجد پر حکومت ٹیک اوور کر چکی ہے۔ کسی مسجد کو مسمار نہیں کیا جا رہا ہے۔ تاہم حکومت کے زیر انتظام یہ تمام مساجد نماز کیلیے کھلی رہیں گی۔ تاہم لاؤڈ اسپیکر پر زیرو ٹالرنس ہے، یہ صرف اذان اور نماز کیلیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سعد اور انس رضوی کو بہت جلد ٹریس کر لیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے مدرسوں کی بھی جیو ٹیکنگ کر لی گئی ہے، 6 مدرسے حکومتی پراپرٹی پر بنے ہوئے تھے۔ مدارس سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس سخت قسم کی رپورٹ ہیں۔ علمائے کرام کی مشاورت کے بعد انہیں بتا دیا جائے گا۔ ان کے تمام واٹس ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی ٹریس کیا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات میں ان کا سونا، گاڑیاں، جائیدادیں واپس اور بینک اکاؤنٹس کھولنے کے مطالبات تھے۔ اہلسنت والجماعت کے سرکردہ رہنماؤں سے اعلیٰ سطح میٹنگ میں رہنماؤں سے جن باتوں کی انڈر ٹیکنگ ہوئی انہیں پورا کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعت پنجاب نے والدین سے گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے لوگوں سے دور رکھیں، کیونکہ جو بھی اس قسم کی کارروائیوں میں پکڑے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں