تازہ ترین

چین پاکستان معاہدوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اہم بیان

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین پاکستان...

جون تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ

کراچی : وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی...

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

سعودی عرب: خریداری کے دوران سیاحوں کی ٹیکس کی ادائیگی، حکام کی وضاحت

ریاض: سعودی عرب میں بیرون ملک سے آنے والے سیاح خریداری کے دوران جو ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کی واپسی کے حوالے سے حکام نے وضاحت جاری کی ہے۔

اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹیکس، کسٹم اور زکوٰۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فی الوقت مملکت میں آنے والے سیاحوں کو واپسی پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (واٹ) واپس نہیں دیا جا سکتا، واٹ کی واپسی قانون کی شق نمبر 73 سے مشروط ہوگی۔

کسٹم و ٹیکس اتھارٹی نے قانون کی شق نمبر 73 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی اس امر کی پابند نہیں کہ مملکت آنے والے سیاحوں کو واپسی پر یہاں خریداری پر وصول کیا گیا ٹیکس واپس کیا جائے۔

قانون کی شق کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے ایک یا ایک سے زائد سروسز مہیا کرنے والوں کو متعین کیا جائے جو سیاحوں کا کیس وصول کر کے ان کی نیابت کرتے ہوئے اتھارٹی میں واٹ کی واپسی کا مطالبہ کریں۔

اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ایسی سروس مہیا کرنے والے اداروں کی فہرست جاری کریں۔

قانون کی شق 73 میں اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے لیے ایسے سیاح جو جی سی سی ممالک کے رہائشی نہ ہوں وہ اپنا کیس مقررہ سروس مہیا کرنے والے ادارے میں جمع کروا سکتے ہیں۔

ان سیاحوں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ جو اشیا انہوں نے خریدی ہیں وہ انہیں مملکت یا جی سی سی میں استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپنے ملک لے کر جائیں گے۔

واٹ کی واپسی کا مطالبہ جمع کرواتے وقت سیاح کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے، سروس مہیا کرنے والے ادارے کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کیس کا اچھی طرح مطالعہ کرنے کے بعد اتھارٹی کو ارسال کرے تاکہ وہاں سے منظوری جاری کی جا سکے۔

اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کیس موصول ہونے کے بعد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی منظوری کی صورت میں رقم اسی سروس مہیا کرنے والے ادارے کو منتقل کر دی جائے گی، جس کے ذریعے کیس جمع کروایا گیا تھا، سروس مہیا کرنے والے ادارے کا اختیار ہوگا کہ وہ واپسی کی رقم سے اپنی مقرر کردہ فیس وصول کرے۔

اتھارٹی کو یہ حق ہوگا کہ وہ موصول ہونے والے کیس کو مکمل یا جزوی طور پر رد کر دے، کیس کی واپسی کی صورت میں متعلقہ ایجنٹ کو کیس بھیج دیا جائے گا جس کے ذریعے اتھارٹی کو جمع کروایا گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -