کراچی : ترمیمی ایکٹ 2024 نافذ کردیا گیا ، اب گاڑی مالکان قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ گاڑی کی نمبر پلیٹ کے مالک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گاڑی مالکان کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے سی این آئی سی بیسڈ نمبر پلیٹس سے متعلق ترمیمی ایکٹ 2024 نافذ کر دیا ہے۔
اس اقدام کے تحت گاڑی مالکان اپنی قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نمبر پلیٹ کے مالک خود ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ قومی شناختی کارڈ پر مشتمل گاڑیوں کی دو نئی نمبر سیریز بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے ایکٹ کے تحت گاڑی مالکان اپنی قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ پرانی نمبر پلیٹ کو دوسری گاڑی پر بھی منتقل کر سکیں گے، جس سے پسندیدہ یا مخصوص نمبر محفوظ رکھنے میں آسانی ہوگی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اپنی پسند کا مخصوص نمبر حاصل کرنے کے لیے فیس کا بھی تعین کر دیا گیا ہے، مخصوص سیریز کے نمبرز لینے کے لیے شہریوں کو 3 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک فیس ادا کرنا ہوگی۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رجسٹریشن کے نظام میں شفافیت آئے گی اور گاڑی مالکان کو مزید سہولت میسر ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


