کاراکاز (24 نومبر 2025): جنوبی امریکی ملک وینزویلا پر ایک جانب امریکا حملے کے لیے بالکل تیار ہے، دوسری طرف اس کے صدر مادورو رقص سے اپنا اور شہریوں کا دل بہلا رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کا ایک ’امن ڈانس‘ وائرل ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایک ریلی میں اپنی تقریر کے ریمکس پر رقص کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امریکا میں طلبہ سے رابطے پیدا کر کے انھیں امریکی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے راغب کریں کہ جنگ کی بجائے بات چیت اور امن کا راستہ اختیار کیا جائے۔
روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ مادورو کی حکومت کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیاں شروع کرنے کے لیے بالکل تیار ہے، تاہم یہ حملے کب کیے جائیں گے ابھی اس کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
امریکا اور وینزویلا کے مابین تعلقات بگڑتے جا رہے ہیں، ایسے میں امریکی فوج نے کیریبین میں فوجیں تعینات کر دی ہیں، جس کے بعد حالیہ ہفتوں میں کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹخنے کے مانیٹر سے چھیڑ چھاڑ، فرار کے خطرے پر برازیل کے سابق صدر گرفتار
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکا میں منشیات کے سیلاب کو روکنے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے امریکی طاقت کے ہر عنصر کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وینزویلا سے منشیات کی امریکا میں اسمگلنگ میں صدر مادورو کا کردار بھی شامل ہے، جب کہ مادورو ان الزامات اور منشیات کی غیر قانونی تجارت سے کسی بھی تعلق کی تردید کر چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ غور امریکی آپشنز میں مادورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش بھی شامل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


