اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹر تیار کرلیا ہے جس کا ٹرائل کل سے شروع ہو جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹائزر تیار کر لیےگئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تحقیق کی تو پتہ چلا 60 فیصدمارکیٹ میں ملنے والے سینیٹائزر جعلی تھے، ہم نے فہرست تیار کر لی ہے مارکیٹ سے جعلی سینیٹائزر اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کٹس تیار کرلی ہیں جن کے ٹیسٹ کیے تو 99 فیصد درست تھے،ٹیسٹنگ کٹس ڈریپ کو دے دی ہیں، کل منظوری کے بعدعام کر دیں گے، وینٹی لیٹر بھی تیار کرلیا ہے جس کا ٹرائل کل سے شروع ہو جائےگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس کے اپنے طور پر ٹیسٹ کیے جس کے نتائج درست آئے، دوسرے مرحلے میں کٹس ڈریپ کو دی گئیں تاکہ وہ بھی ٹیسٹ کرلیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈریپ کی منظوری کے بعدٹیسٹنگ کٹس کا عام استعمال شروع ہو جائے گا، عام استعمال سے مطلب لیبارٹریز کو ٹیسٹنگ کٹس دے دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والی ٹیسٹنگ کٹس کے مقابلے ہماری کٹس سستی ہیں، چین سے آنے والی کٹس کے مقابلے ہماری کٹس کا نتیجہ زیادہ واضح ہوتا ہے، ماضی میں ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ پرکوئی توجہ نہیں دی گئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ماسک اورگلووز صرف چین ہی بناتا تھا دوسرے ملک کم بناتےتھے،کرونا کی وبا آئی تو پوری دنیا نے چین کی طرف دیکھنا شروع کر دیا، آج پوری دنیا چین سے طبی حفاظتی سامان کی درآمد کر رہی ہے۔