کراچی : کراچی میں ایک اور خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں خاتون کو سرِ عام ہراساں کرنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم ابھی تک کوئی باقاعدہ شکایت درج نہیں کروائی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ چند روز قبل کورنگی نمبر 6، سیکٹر 51-B میں پیش آیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون گلی میں کھڑی ہیں کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل سوار ان کے قریب آتا ہے اور ملزم خاتون کے پاس سے گزرتے ہوئے نازیبا حرکت کرتا ہے اور موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کا سراغ لگانا شروع کر دیا ہے تاہم اب تک کسی متاثرہ خاتون یا ان کے اہلخانہ کی جانب سے پولیس کو کوئی رسمی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
پولیس نے کہا ہے کہ جیسے ہی کوئی درخواست موصول ہوگی، فوری طور پر مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
کراچی میں خواتین اور طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2023 میں کورنگی ہی کے علاقے سعود آباد میں ایک نجی اسکول کے پرنسپل کو دسویں جماعت کی طالبات کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت پولیس نے ایک طالبہ کے والد کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو دھر لیا تھا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کورنگی میں حالیہ واقعے میں ملوث ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ خواتین گلی محلوں میں خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔
عدنان راجپوت اے آر وائی نیوز سے بطور کرائم رپورٹر وابستہ ہیں


