کیلیفورنیا(29 جولائی 2026): امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سانٹا کروز ساحل پر ایک انتہائی خطرناک اور سنسنی خیز واقعے میں 16 سالہ نوجوان لائف گارڈ نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر سمندر کی تند و تیز لہروں میں ڈوبتے ہوئے بچے کی جان بچا لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بچہ اچانک سمندر کی طاقتور اور اونچی لہروں کی زد میں آ کر ڈوبنے لگا، جسے دیکھ کر ساحل پر موجود 16 سالہ ہائی اسکول کے طالب علم اور لائف گارڈ "رائیڈر” نے فوری طور پر سمندر میں چھلانگ لگا دی۔
دنیا پھر میں وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لائف گارڈ نے بڑی مہارت اور شجاعت کے ساتھ خطرناک لہروں کا مقابلہ کیا اور بچے کو مضبوطی سے تھامے رکھا۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ہر بڑی لہر سے پہلے سانس لیتا اور لہر کے نیچے غوطہ لگا کر بچے کو مضبوطی سے تھامے رکھتا۔ اس دوران کئی دیگر افراد اور ایک دوسرا لائف گارڈ بھی مدد کے لیے پانی میں اترا لیکن شدید لہروں کے باعث پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل موجوں اور شدید کٹھور حالات کے باوجود رائیڈر نے ہمت نہ ہاری اور بچے کو بحفاظت ساحل پر لے آیا جہاں پیرامیڈیکس نے بچے کا معائنہ کیا اور اسے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر لائف گارڈ کے اس شجاعانہ کارنامے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔لوگوں کی جانب سے فنڈز جمع کرنے کی پیشکش پر لائف گارڈ کی والدہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا صرف اپنا پسندیدہ کام کر رہا تھا۔
دوسری جانب، معروف شخصیات اور صارفین کی جانب سے بھی اس نوجوان کی بہادری کو سراہتے ہوئے اسے اعلیٰ شہری اعزازات دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


