کوئٹہ : بیوی بچوں کے ہمراہ خود کشی کرنے والے محمد آصف کی موت سے قبل ویڈیو سامنے آگئی، جس میں اس کا کہنا تھا کہ میں خود کو بچوں کے ساتھ مار دوں گا مگر ان کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونے دوں گا۔”
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے وحدت کالونی میں بیوی اور پانچ بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرنے والے محمد آصف کی واقعے سے قبل ریکارڈ کی گئی ایک انتہائی دردناک ویڈیو سامنے آئی، جس نے پورے کیس کا رخ بدل دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو بیان میں مقتول محمد آصف نے روتے ہوئے انکشاف کیا کہ دو بااثر افراد اس کے گھریلو معاملات میں بے جا مداخلت کر رہے ہیں اور اسے مسلسل تنگ کر رہے ہیں۔
آصف کا کہنا تھا، "یہ لوگ مجھے مارنے، غائب کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں اور مجھے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، یہ بااثر لوگ میری بیٹی کا نام لے رہے ہیں، میں نے اپنے بچوں کو بہت پیار سے پالا ہے، لیکن مجھے اکیلا سمجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔”
ویڈیو میں آصف علی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے انتہائی مایوسی کے عالم میں کہا تھا، "میں خود کو بچوں کے ساتھ مار دوں گا مگر ان کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونے دوں گا۔”
ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آصف علی کے مرنے سے قبل دیے گئے بیان کی روشنی میں 2 مشتبہ سرکاری ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔


