لاہور: مال روڈ پر کھلے عام رہزنی کی واردات میں موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر بآسانی فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی معروف اور مصروف شاہراہ مال روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے ایک کار سوار کو روک کر اور کھلے عام اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے مذکورہ شخص سے نقدی اور موبائل فون چھینا اور بآسانی فرار ہو گئے۔
لاہور میں مشہور شاہراہ پر سر عام ہونے والی اس واردات کی ویڈیو فوٹیجز اے آر وائی کو موصول ہوگئی جس میں پینٹ اور شرٹ میں ملبوس موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جس میں سے ایک ملزم نے ٹوپی بھی پہن رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :لاہور، مصروف شاہراہ پر ڈکیتی کی واردات
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹوپی پہنا شخص موٹر سائیکل پر ہی بیٹھا رہا جب کہ دوسرے ملزم نے محمد اسلم نامی کار سوار سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں اور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو گئے۔
ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے باوجود پولیس اب تک ملزمان کو تلاش نہیں کر پائی اور نہ ہی اب تک باقاعدہ ایف آئی آر کاٹی گئی جس سے لاہور پولیس کی کارکردگی کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔