ملائیشیا میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی جس کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے ضلع کوالا لانگت طوفانی بگولوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا اور شدید آندھی سے اسکول سمیت متعدد عمارتیں تباہ ہوئیں کئی چھتیں اڑ گئیں۔
ضلع میں تیز ہواؤں کے باعث گاڑی چلانا بھی مشکل ہوگا، ناگہانی آفت نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق طوفانی بگولوں کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات میں 11 طلبا سمیت کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل امریکی ریاستوں کینٹکی اور میزوری میں بگولوں اور طوفانی جھکڑوں نے کئی علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑا دیں تھیں، درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے اور درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ لکڑی کے متعدد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے۔
حکام کے مطابق تقریباً 5 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں جبکہ 3 لاکھ سے زائد افراد بجلی کی سہولت سے محروم ہوگئے تھے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا تھا کہ اس قسم کے شدید موسمی حالات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے جس سے طوفانوں کی شدت اور تواتر میں اضافہ ہوا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


