(12 مئی 2026): تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ وجے تھلاپتی نے مفت بجلی کے بعد دوسرا بڑا حکم جاری کر کے ریاستی شہریوں کے دل جیت لیے۔
دو روز قبل تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سابق اداکار وجے تھلاپتی نے سب سے پہلے مفت بجلی کا اعلان کیا تھا اور اب ایک اور بڑا اعلان کر کے ریاستی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعلیٰ تمل ناڈو نے مذہبی مقامات، تعلیمی اداروں اور بس اڈوں کے 500 میٹر کے دائرے میں واقع 717 ’ٹی اے ایس ایم اے سی‘ شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اس سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگلے 2 ہفتوں کے اندر اس پر عمل درآمد ہو جانا چاہیے۔
وجے تھلاپتی کے اس حکم نامے نے ریاستی عوام کے دل جیت لیے ہیں، کیونکہ وہاں کے عوام کافی دنوں سے تعلیمی اداروں، مذہبی مقامات کے قریب شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن ریاستی حکومتی آمدنی کم ہونے کی وجہ سے اس پر عمل نہیں کر رہی تھیں۔
اس سے قبل 2023 میں ایم کے اسٹالن کی حکومت نے شراب سے اموات کے بعد 500 سرکاری شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ ریاست تمل ناڈو میں 5000 سے زائد شراب کی دکانیں ہیں، جن سے تقریباً 40 ہزار کروڑ کا ریونیو حکومت کے پاس آتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


