اداکارہ زوہا توقیر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انسٹاگرام تصاویر دیکھ کر آڈیشن کے لیے بلایا گیا تھا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں نئے ڈرامہ سیریل ’آپا شمیم‘ کی کاسٹ نے شرکت کی جن میں زوہا توقیر، ماہم عامر، راحت غنی اور فائزہ حسن شامل تھیں۔
میزبان ندا یاسر نے زوہا توقیر سے پوچھا کہ آپ کو ڈرامے کے لیے کس طرح کاسٹ کیا گیا؟
انہوں نے کہا کہ میں نے تو ہڑبڑی میں آڈیشن دیا تھا کیسے سلیکٹ ہوگئی اس کا تو مجھے بھی علم نہیں ہے، آڈیشن تین دن دیر سے دیا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ میری یہی کوشش تھی کہ بس کسی بھی طرح آڈیشن دے دو، جب آپ کسی نظر میں ہوتے ہیں تو چینل کی جانب سے اپروچ کیا جاتا ہے، میری تصاویر انسٹاگرام پر دیکھ کر بلایا گیا۔
زوہا توقیر نے کہا کہ مجھے بچپن سے اداکاری کرنے کا شوق تھا، شوق میں ہی ’آپا شمیم‘ کے سیٹ پر آگئی۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’آپا شمیم‘ میں فائزہ حسن، فہد شیخ، منور سعید، سلیم شیخ، زوہا توقیر، راحت غنی، نوین نقوی، سجاد پال، صباحت بخاری، ماہم عامر، احمد رندھاوا ودیگر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے اور پہلی قسط کل شام 7 بجے نشر کی جائے گی۔
’آپا شمیم‘ کی ہدایت کاری کے فرائض ذیشان علی زیدی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی اسما سیانی نے لکھی ہے۔
’آپا شمیم‘ میں مرکزی کردار زوہا توقیر نبھا رہی ہیں اور ان کے کردار کا نام ’کشف‘ ہوگا وہ ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں لیکن شمیم باجی ان سے چڑتی ہیں۔