چیمپئنز ون ڈے کپ کے افتتاحی میچ میں مارخورز کے بیٹر عبدالصمد نے چھ چھکے جڑ دیے۔
فیصل آباد میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں مارخورز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے اور پینتھرز کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔
کامران غلام نے 102 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
افتخار احمد اور عبدالصمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں، کپتان محمد رضوان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
تاہم میچ کی خاص بات عبدالصمد کی 25 گیندوں پر 62 رنز کی برق رفتار اننگز ہے، انہوں نے اپنی اننگز میں چھ بلند و بالا چھکے اور چار چوکے لگائے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان بیٹر لیگ اسپنر اسامہ میر کی گیند پر وکٹ سے پیچھے ہٹ کر چھکے لگا رہے ہیں۔
عبدالصمد، عماد بٹ کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پینتھرز کی جانب سے محمد حسنین اور مبصر خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں پینتھرز کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور اس کے 6 کھلاڑی 68 رنز پر پویلین لوٹ چکے ہیں، کپتان شاداب خان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 20 رنز بناسکے۔
مارخورز کی جانب سے نسیم شاہ نے تین اور عاکف جاوید نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔