لاہور (25 جولائی 2025) بارش کس کو اچھی نہیں لگتی اس سہانے موسم میں قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی خود کو موج مستی سے نہ روک سکے۔
پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر نسیم شاہ ان دنوں قومی ٹیم سے دور ہیں۔ تاہم انہیں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بابر اعظم، نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ میں مصروف ہیں۔ اس وقت لاہور سمیت پنجاب میں موسم انتہائی خوشگوار اور روز آسمان سے برستی ابر رحمت لوگوں کو موسم سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی فراہم کر رہی ہے۔
بابر اعظم، نسیم شاہ سمیت قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی جو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ میں مصروف تھے۔ جب بارش نے انٹری دی تو انہوں نے بیٹ بال رکھے ایک طرف اور بچپن کی طرف لوٹتے ہوئے بارش میں موج مستی شروع کر دی۔
یوں تو کئی کھلاڑیوں نے بارش سے انجوائے کیا۔ لیکن بابر اعظم اور نسیم شاہ ان میں سب سے نمایاں تھے، جنہوں نے تیز بارش کے دوران گراؤنڈ میں جمع ہونے والے پانی میں خوب سلائیڈ ماریں۔
ویڈیو میں دونوں کھلاڑی بارش سے پچ کو محفوظ رکھنے کے لیے بچھائی گئی چادر پر پھسلنے کا مقابلہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں کے چہروں پر جوش اور خوشی کے تاثر نمایاں تھے۔
صارفین اس ویڈیو کو خوب سراہ رہے ہیں اور اکثر صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش ایسا موسم ہے کہ بڑے سے بڑا شخص بھی بچپن کی طرف لوٹ جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


