بھارت میں معمر خاتون کو دیگ میں بٹھا کر سیلابی ریلا عبور کروانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی ہے، ریاست کیرالہ میں بارشوں اور لینڈ سیلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 185 ہوگئی ہے۔
شملہ میں شدید بارشوں کے دوران کلاؤڈ برسٹ ہوا جبکہ نئی دہلی میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے۔
تاہم ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم سے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ضعیف خاتون کو دیگ میں بٹھا کر سیلابی ریلا عبور کروایا جارہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون دیگ میں موجود ہیں اور ایک شخص انہیں سیلابی ریلا عبور کروانے میں مدد کررہا ہے۔
وشاکھا پٹنم میں پل بہہ جانے سے زمینی رابطہ منطقع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ آزادی کے 77 سال بعد بھی شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔