چین میں محبوبہ کے انگوٹھی واپس کرنے پر دلبرداشتہ نوجوان نے انگوٹھی بیچ کر پیسے ہوا میں اڑا دیے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی چین میں ایک دل شکستہ شخص نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے لیے خریدی گئی انگوٹھی فروخت کرکے رقم ہوا میں اڑا دی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
مذکورہ واقعہ صوبہ گوانگ ڈونگ کے ہوزہو شہر میں پیش آیا جس میں ایک شخص کو زیورات کی دکان سے نکلتے ہوئے غیر متوقع طور پر نقدی کو ہوا میں اچھالتے ہوئے دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گرل فرینڈ کے ساتھ حالیہ بریک اپ سے مایوس ہوکر اس شخص نے انگوٹھی بیچی جو اس نے 15000 یوآن میں خریدی تھی۔
نوجوان نے بریک اپ کے بعد پیسے کو بیکار سمجھا اور ان کو لٹانے کا فیصلہ کیا جبکہ راہگیر بھی سڑک پر بکھری رقم اکٹھے ہوئے دکھائی دیے۔
بعدازاں گھر والے جائے وقوعہ پر پہنچے اور نوجوان کو روکنے میں کامیاب ہوگئے۔
اسٹور کے مالک نے بتایا کہ چند روز کے بعد نوجوان کے گھر والے انگوٹھی واپس لے کر چلے گئے تھے۔