تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

طویل القامت روبوٹ بحرین کے سلطان کا باڈی گارڈ، وائرل ویڈیو میں کتنی صداقت؟

سوشل میڈیا پر جعلی خبروں، تصاویر اور ویڈیوز کا پھیلاؤ نہایت آسان ہے تاہم اب جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ایسی چیزوں کی سچائی پرکھنا بھی نہایت آسان ہوگیا ہے، ایسی ہی ایک ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بحرین کے سلطان اپنے روبوٹ محافظ کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص روایتی عرب لباس میں ملبوس آگے آگے چل رہا ہے جبکہ اس کے پیچھے ایک قوی الجثہ روبوٹ نہایت مودبانہ انداز میں چل رہا ہے۔

فلموں میں دکھائے جانے والے کسی سپر پاور جیسے روبوٹ کے قدموں کی دھمک لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیے ہوئے ہے اور وہ انگشت بدانداں ہو کر اس طویل القامت روبوٹ کو دیکھ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ عربی لباس میں ملبوس شخص بحرین کے سلطان حماد بن عیسیٰ الخلیفہ ہیں اور روبوٹ ان کا ذاتی محافظ ہے جو 360 کیمروں اور بے شمار پستولوں سے لیس ہے۔

ایک ویریفائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن دیا گیا کہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، بہت جلد سیاستدان بھی ایسے محافظ رکھنا شروع کردیں گے۔

ویڈیو پر لوگوں نے حیرت اور خوف کے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا۔

تاہم جلد ہی اس ویڈیو کی حقیقت پتہ چل گئی، مختلف ریورس سرچ کے ذریعے علم ہوا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص نہ تو بحرین کے سلطان ہیں نہ ہی یہ روبوٹ ان کا باڈی گارڈ ہے۔

یہ ویڈیو 18 فروری 2019 کی ہے جب ابو ظہبی انٹرنیشنل ڈیفینس ایگزی بیشن میں پہلی بار اس روبوٹ کو پیش کیا گیا۔ 8 فٹ طویل اور 60 کلو گرام وزنی اس روبوٹ نے نمائش کے شرکا کا استقبال کیا۔

خلیج ٹائمز کی اگلے روز کی شائع شدہ رپورٹ کے مطابق اس روبوٹ کا نام ٹائٹن ہے اور یہ متعدد زبانیں بولنے کی اہلیت رکھتا ہے، یہ دنیا کا فرسٹ کمرشل انٹرٹینمنٹ روبوٹ ہے جسے ایک برطانوی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی پوسٹ کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ لوگوں کے درمیان گھوم پھر کر ان سے انگریزی اور عربی زبان میں باتیں کر رہا ہے۔ شرکا اشتیاق سے اسے دیکھتے اور اس کے ساتھ تصاویر بناتے دکھائی دے رہے ہیں۔

روبوٹ میں 360 کیمرے اور بندوق نصب ہیں، اس حوالے سے کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق وائرل ویڈیو میں موجود شخص بحرین کی ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل دیاب تھے جو اس نمائش میں شریک ہوئے تھے۔

Comments

- Advertisement -