بھارت میں گھر میں چوری کے لیے داخل ہونے والا چور کچن کے ایگزاسٹ شافٹ میں پھنس گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست راجستھان میں ایک شخص مبینہ طور پر چوری کرنے کے لیے گھر میں گھس گیا تھا اس دوران وہ باورچی خانے کے ایگزاسٹ پنکھے کے شافٹ میں پھنس کر تقریباً ایک گھنٹے تک لٹکا رہا۔
واقعہ سبھاش کمار راوت نامی شہری کے گھر میں اس وقت پیش آیا جب وہ کھٹوشیام جی جارہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق جیسے ہی راوت کی اہلیہ نے اگلے دن دوپہر ایک بجے گھر واپس آنے کے بعد مین گیٹ کا تالا کھولا تو ان کی نظر کچن کی طرف پڑی، جہاں چور باورچی خانے کے ایگزاسٹ فین شافٹ میں پھنس گیا تھا اور اس کا جسم کا آدھا حصہ گھر کے باہر اور آدھا اندر تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان چوری کی نیت سے گھر کے احاطے میں داخل ہوئے تھے، شور سن کر ایک ملزم فرار ہوگیا اور اپنے ساتھی کو پھنسا چھوڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو بچا کر اپنی تحویل میں لیا فرار ہونے والے شخص کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ ملزمان کو کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا۔


