امریکا (26 جنوری 2026): امریکا برفانی طوفان کی زد میں ہے اوکلاہوما میں ہر طرف برف ہی برف ہے تاہم برف سے ڈھکے گھر میں آگ کے شعلے بلند ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس وقت امریکا برفانی طوفان کی زد میں ہے اور کئی شہروں میں ریکارڈ برف باری ہونے سے ہر چیز نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے جب کہ لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
برفانی طوفان سے امریکی شہر اوکلاہوما بھی شدید متاثر ہوا ہے جہاں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم حیرت انگیز طور پر برف سے ڈھکے ایک گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔
یہ واقعہ جنوب مشرقی اوکلاہوما سٹی میں پیش آیا جہاں سینٹ چوکٹا روڈ کے قریب ایک گھر کو آگ کے شعلوں نے گھر لیا۔ تاہم جب آگ لگی تو پورا گھر برفباری کے باعث برف سے ڈھکا ہوا تھا جب کہ گھر میں اس وقت تین افراد موجود تھے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملہ پہنچا اور آگ بجھانے کی کوشش کی جس پر کافی مشکلات کے بعد قابو پایا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ اس قدر ہولناک تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اطراف میں بھڑکتے شعلے اور سیاہ دھوئیں کے بادل آسمان پر چھا گئے۔
انہوں نے بتایا کہ گھر کے مکینوں نے ابتدائی طور پر گیراج سے آنے والی آوازیں سنی، اور جب انہوں نے دروازہ کھولا تو گیراج کو آگ مکمل طور پر لپیٹ میں لے چکی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور گھر میں موجود تینوں افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


