بھارت کے شہر ممبئی میں حکمران جماعت بی جے پی کے احتجاج کے دوران ٹریفک جام ہوا تو خاتون نے وزیر گریش مہاجن کو کھری کھری سنادیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کے علاقے ورلی میں بی جے پی کے احتجاج کے دوران ٹریفک میں پھنس جانے والی خاتون نے مہاراشٹر کے وزیر گریش مہاجن کو آڑے ہاتھوں لے لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب مہاجن احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
ریلی بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے خواتین کے تحفظات سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی ناکامی پر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بنانے کے لیے نکالی گئی تھی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نے وزیر کے قریب آکر سڑک بلاک کرنے پر چیخنا شروع کیا اور سوال کیا کہ یہ احتجا کسی کھلے میدان میں کیوں نہیں کیا گیا تاکہ کسی مسافر کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، یہاں سے نکل جاؤ، آپ کی وجہ سے ٹریفک جام ہورہا ہے۔
مہاجن نہیں گئے تو خاتون دوبارہ واپس آئی اور برہمی کا اظہار جاری رکھا۔
مہاراشٹرا کانگریس کے صدر ہرسھ وردھن سپکال نے یہ کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس احتجاج نے بی جے پی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے پارٹی پر خواتین کو گمراہ کرنے اور ریزرویشن کے مسئلے کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔
سابق ریاستی کانگریس صدر نانا پٹولے نے بھی یہ ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ بی جے پی کے اس ڈرامے کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔
بی جے پی کی جانب سے ابھی تک اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


