امریکا کی یوٹیوبر مشیل کھرے نے ٹام کروز کا ’مشن امپاسبل‘ میں طیارے کا اسٹنٹ کرکے سب کو حیران کردیا۔
یوٹیوبر مشیل کھرے فٹنس چیلنجز کے لیے مشہور ہیں اب انہوں نے ہالی ووڈ کے سب سے مشہور اسٹنٹ کرنے کی کوشش کی جسے ٹام کروز نے 2015 کی فلم میں سی 130 طیارے پر انجام دیا تھا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اسٹنٹ کے لیے تربیتی سیشن کیے گئے اور پھر اسے کس طرح انجام دیا گیا۔
کھرے ایک سی-130 کے کنارے سے لٹکی ہوئی ہیں جبکہ انہوں نے تقریباً 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کی اور حفاظتی سامان ان کے ساتھ بندھا ہوا ہے۔
اس اسٹنٹ کے لیے کھرے کو ہفتوں کی تربیت سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے ونڈ ٹنل میں مشق کی، اپنی گردن اور اوپری جسم کو مضبوط کیا، اور پیشہ ور اسٹنٹ کوچز سے رہنمائی حاصل کی۔
وی لاگ میں یوٹیوبر نے کہا کہ اگر مجھے ٹام کروز کو اپنے ساتھ ایک اسٹنٹ کرنے کے لیے راضی کرنا ہے، تو مجھے ان کے سب سے بڑے اسٹنٹ کو دوبارہ بنا کر خود کو ثابت کرنا ہوگا۔


