جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

ریاست ورجینیا میں گورنر کے عہدے کے لیے انتخابی دوڑ سنسنی خیز موڑ پر

اشتہار

حیرت انگیز

ریچمنڈ (04 نومبر 2025): امریکا کی ریاست ورجینیا میں گورنر کے عہدے کے لیے ہونے والی تاریخی انتخابی دوڑ کے آخری دنوں میں ڈیموکریٹ امیدوار ایبیگیل اسپینبرگر کو ریپبلکن حریف ونسوم ایئرل سیئرز پر واضح برتری حاصل ہو گئی ہے۔

نئی سروے رپورٹ میں ظاہر ہوتا ہے کہ معیشت ووٹروں کے لیے سب سے اہم مسئلہ ہے، اب تک 10 لاکھ سے زائد ووٹ پہلے ہی کاسٹ ہو چکے ہیں۔

ایمرسن کالج پولنگ اور دی ہِل کے جاری کردہ تازہ ترین سروے کے مطابق اسپینبرگر کو 55 فی صد جب کہ موجودہ لیفٹیننٹ گورنر ایئرل سیئرز کو 44 فی صد عوامی حمایت حاصل ہے۔ ایک دن باقی رہ گیا ہے جب ورجینیا اپنی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون گورنر منتخب کرے گا۔

دونوں امیدواروں نے ہفتہ اور اتوار کو ریاست بھر میں بھرپور انتخابی مہم چلائی، سابق رکنِ کانگریس اسپینبرگر نے اتوار کو شمالی ورجینیا میں انتخابی سرگرمیاں دکھائیں، جب کہ ایک روز قبل وہ نارفلک میں سابق صدر براک اوباما کے ساتھ ایک بڑے جلسے سے خطاب کر چکی تھیں۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا ’’میں ہمیشہ ورجینیا کو ترجیح دوں گی، نہ کسی صدر کو، نہ کسی جماعت کو۔‘‘

نیویارک کا نیا میئر کون ؟ فیصلہ آج ہوگا، مسلم امیدوار ظہران ممدانی کو برتری حاصل

سروے کے مطابق معیشت ووٹروں کے لیے سب سے اہم مسئلہ ہے، جب کہ جمہوریت کو لاحق خطرات، صحت عامہ، امیگریشن اور تعلیم دیگر بڑے موضوعات ہیں۔ امریکا کی تاریخ میں جاری دوسرا طویل ترین وفاقی شٹ ڈاؤن، جو اب اپنے دوسرے مہینے میں داخل ہو چکا ہے، بھی ورجینیا کے 3 لاکھ سے زائد وفاقی ملازمین کے لیے ایک بڑا خدشہ بن چکا ہے۔

اب تک ریاست میں دس لاکھ سے زائد شہری اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ورجینیا اور نیو جرسی کے انتخابات پر پورے ملک کی نظریں جمی ہوئی ہیں، کیوں کہ ان کے نتائج 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے سیاسی منظرنامے کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ورجینیا میں گورنر کے ساتھ ساتھ لیفٹیننٹ گورنر، اٹارنی جنرل اور ریاستی اسمبلی کے نمائندے بھی منتخب کیے جائیں گے۔

اہم ترین

جہانزیب علی
جہانزیب علی
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں