ریاض (12 مئی 2026): سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا فری معاہدہ نافذ ہو گیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے شہری بغیر ویزا سفر کر سکیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا فری معاہدے پر پیر سے نافذ العمل ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے شہری بغیر ویزا ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر سکیں گے۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار ہے۔
اس معاہدے کے تحت تمام اقسام کے پاسپورٹ ہولڈر ویزا فری ٹریول کر سکیں گے۔ دونوں ملکوں کے پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو سیاحت، کاروبار یا فیملی وزٹ کے لیے ویزا فری انٹری کی اجازت ایک کیلنڈر سال کے اندر مجموعی طور پر 90 دن کے لیے ہوگی۔
تاہم اس استثنی کا اطلاق، ورک، اسٹڈی، رہائش یا حج کے لیے نہیں ہوتا، اس کے لیے مخصوص ویزے کی ضرورت رہے گی۔
اس معاہدے کا نفاذ سعودی عرب اور روس کے سفارتی تعلقات کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اقدام باہمی دوروں میں اضافہ اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور روس نے یکم دسمبر 2025 کو ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں دونوں ملکوں کے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت دی گئی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


