پیراگلائیڈنگ کا شوق رکھنے والے اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اگر کوئی زمین سے ہزاروں فٹ کی بلندی پر بے شک پیرا شوٹ میں ہی ہوں اور اس دوران کوئی پرندہ آجائے تو کیا حالت ہوتی ہے۔
اسپین کے جنوبی علاقے میں 28 ستمبر کو پیدا گلائیڈنگ کے دوران ایسا واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو دیکھ کر سب ہی ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پیراشوٹ کی مدد سے دو پیرا گلائیڈر زمین کی طرف آنے کا سفر طے کررہے تھے کہ اسی دوران اُن کے پاس گدھ آگیا۔
دونوں پیرا گلائیڈر سفر کو یادگار بنانے کے لیے موبائل کو سیلفی اسٹک میں لگا کر ویڈیو بنارہے تھے کہ اسی دوران گدھ سیلفی اسٹک پر آکر بیٹھ گیا۔
ان پیرا گلائیڈرز میں سے ایک تو انسٹریکٹر تھا جبکہ دوسرے کو پیراگلائیڈنگ کا اتنا تجربہ نہیں تھا، اسی وجہ سے وہ گدھ کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگیا۔
انسٹریکٹر کا نام اسکاٹ ماسون بتایا گیا ہے جس نے گدھ کے آنے کے بعد دوسرے پیراگلائیڈر کا حوصلہ بڑھایا اور بتایا کہ یہ جنگلی نہیں بلکہ پالتو اور تربیت یافتہ ہے، بے فکر رہوں یہ کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گدھ پیرا شوٹ کے ساتھ ساتھ مزے سے پرواز کررہا تھا اور پھر وہ تھوڑی تھوڑی دیر میں سیلفی اسٹک پر بھی بیٹھ رہا تھا۔