برسبین : پریکٹس سیشن میں فٹبال کھیلنے کے دوران فاسٹ بولر وہاب ریاض اور اسپنیر یاسر شاہ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے، معمولی جھڑپ پر سینیئرز کھلاڑیوں نے مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کروایا۔
اے آر وائی کے اسپورٹ رپورٹر شاہد ہاشمی کے مطابق تلخ کلامی پریکٹس سیشن میں فٹ بال کھیلنے کے دوران اس وقت ہوئی جب وہاب ریاض، یاسر شاہ سے گیند چھیننے کی کوشش میں یاسر شاہ سے جا ٹکرائے اور وہاب ریاض کی ٹانگ گیند کے بجائے یاسر شاہ کو جا لگی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں میں تلخ کلامی اور جھڑپ کے بعد کوچ مکی آرتھر نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پر وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو پریکٹس سیشن سے باہر کردیا۔
ٹیم مینیجر وسیم باری نے اے آر وائی نیوز کے اسپورٹ رپورٹر شاہد ہاشمی کو بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں میں تلخ کلامی پریکٹس سیشن کے دوران ہوئی تا ہم اب دونوں کھلاڑیوں میں صلح ہو چکی اور معاملات کنٹرول میں ہے۔
اس حوالے سے یاسر شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹیوٹر پر ایک تصویر بھی شائع کی ہے جس میں یاسر شاہ اور وہاب ریاض کو ڈریسنگ روم میں انتہائی خوشگوار اور دوستانہ موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے جس سے لگتا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا ختم ہو گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ اور وہاب ریاض کے درمیان جھگڑے کی اطلاع ملی ہے جس پر تحقیقات کریں گے اور جو بھی نظم و ضبط کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا سزا کا حقدار ہو گا۔
واضح رہے پاکستان کی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل برسبین میں کھیلا جائے گا۔