لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ سے زیادہ باصلاحیت ہے۔
تفصیلات کے مطابق لارڈز میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ تمام کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ کررہے ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ میں پہلے وکٹیں گرانا بہت ضروری ہیں، بھارت کے خلاف جتنی اچھی ہماری ٹیم ہے اتنا اچھا پرفارم نہیں کرپائی۔
وہاب ریاض نے کہا کہ لوگ پاک بھارت میچ کو جنگ سمجھ لیتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے کھیل کو کھیل ہی کی طرح لینا چاہئے، میچ ہارنے پر جتنا دکھ کھلاڑیوں کو ہوتا ہے اتنا شاید کسی اور کو نہیں ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: سرفراز کی کپتانی پر سب کو اعتماد ہے، ٹیم میں کوئی تفریق نہیں، محمد حفیظ
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اب بھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا اور پاکستان آخری چار میچز جیت کر بہتر نوٹ پر ورلڈ کپ کا اختتام کرے گا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم پر ہر جانب سے تنقید ہورہی ہے، ایسے میں کھلاڑیوں کو فیملی ممبران سے زیادہ ٹیم ممبران سپورٹ کررہے ہیں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ اس وقت ٹیم کے 15 ممبران ایک دوسرے کو مورال بلند کررہے ہیں اور ایک دوسرے سے دوستانہ ماحول میں اب تک کی غلطیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ کارکردگی پر تنقید کرنا سب کا حق ہے اور اس پر کس کو اعتراض بھی نہیں ہے لیکن جب ذاتیات پر حملے ہوتے ہیں اور فیملی کو نشانہ بنایا جائے گا تو یہ کسی کو پسند نہیں آئے گا۔