پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران کنٹینر کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم کے والد کا بیان سامنے آگیا۔
صدف نعیم کے والد نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ بیٹی بہت محنتی تھی، گھر میں دو دن سے شادی کی تقریبات جاری تھیں لیکن صدف ڈیوٹی سر انجام دے رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ صدف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا انٹرویو کر کے بہت خوش تھی، بیٹی نے صحافت کا راستہ خود چنا۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کے دوران صدف نعیم کے والد بیٹی کے غم میں آبدیدہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ صدف نعیم نے سادھوکی میں حقیقی آزادی مارچ کی کوریج کے دوران ایک کنٹینر سے دوسرے پر چڑھنے کی کوشش کی اور نیچے گر کر کنٹینر کی زد میں آگئی۔
افسوس ناک واقعہ پیش آنے کے فوری بعد عمران خان خود اتر کر حادثے کے مقام پر پہنچ گئے۔ بعد ازاں انہوں نے حقیقی آزادی مارچ کے آج کا مرحلہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔
عمران خان نے کہا کہ خاتون رپورٹر کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر آج کا مارچ یہیں ختم کر رہے ہیں، خاتون رپورٹر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، دعا ہے کہ اللہ لواحقین کو صبر دے، کل کامونکی سے اپنے سفر کا دوبارہ آغاز کریں گے۔