بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

جوڑوں کے درد سے نجات کے لیے یہ عادت اپنا لیں

اشتہار

حیرت انگیز

ہڈیوں اور جوڑوں کا درد گٹھیا ایک عام مرض ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہوجاتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے کی عادت اس تکلیف کو بہت کم کر سکتی ہے۔

امریکا کے بیلر میڈیکل کالج کی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ چہل قدمی سے نہ صرف گھٹنوں کی تکلیف اوسٹیو آرتھرائٹس کی تکلیف دور ہوتی ہے بلکہ اس سے اندرونی ٹوٹ پھوٹ میں بھی کمی ہوتی ہے۔

ہڈیوں اور جوڑوں کا درد آٹو امیون مرض ہے جس کا علاج صرف احتیاط اور دردکش ادویات ہی ہیں، لیکن اس تکلیف کو ورزش سے دور کیا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں سب سے آسان عمل چہل قدمی ہے اور اس کے لا محدود فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

تحقیق کے لیے ماہرین نے 50 سال سے زائد عمر کے ایسے 12 سو افراد بھرتی کیے جو سب گھٹنوں کے عارضے کے شکار تھے۔

ان میں سے 73 فیصد نے ہلکی یا درمیانے درجے کی واک یا چہل قدمی کا اعتراف کیا جبکہ 27 فیصد ایسے تھے جنہیں چہل قدمی کی عادت نہ تھی، ان سب سے سوالنامے بھروائے گئے اور ان کی ہڈیوں کے ٹیسٹ اور ایکسرے بھی لیے گئے۔

تحقیق سے پتہ چلا کہ واک سے جی چرانے والے افراد درد سے زیادہ کراہتے ہیں اور اگر پیدل چلنے کی عادت اپنائی جائے تو اس سے درد میں 40 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ جب دونوں گروہوں کے گھٹنوں کے ایکسرے لیے گئے تو پیدل چلنے والوں کے گھٹنوں کی ہڈیوں کے درمیان تنگی بھی کم تھی جو اس مرض کی سب سے بڑی علامت بھی ہے۔

ماہرین نے زور دیا ہے کہ گھٹنوں کے درد میں مبتلا افراد روزانہ چہل قدمی کو اپنا معمول بنا لیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں