قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے سعود شکیل کی کلاس کا راز بتا دیا۔
سابق ہیڈ کوچ و کپتان وقار یونس نے کمنٹری کے دوران کہا کہ کراچی کے بلے باز اسپن بہت اچھی کھیلتے ہیں، جاوید میانداد، طہیر عباس وغیرہ سب اسپن کو بہت اچھا کھیلتے تھے۔
وقار یونس نے کہا کہ سعود شکیل نے بھی نیدرلینڈز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھا کر اپنا لوہا منوا لیا ہے۔
اس سے قبل وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دعا ہے سعود شکیل اسی طرح پاکستان کو میچز جتواتے رہیں، انہوں نے جس سمجھداری سے بیٹنگ کی بہت خوشی ہوئی۔
وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ میں سعود شکیل کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ اپنی محنت جاری رکھیں، ان کے ساتھ بہترین شراکت قائم ہوئی، شکر ہے مڈل آرڈر نے بھی پر فارم کیا۔
واضح رہے کہ نیدر لینڈز کے خلاف قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور نوجوان سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا۔
ورلڈکپ کا پہلا میچ کھیلنے والے سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی اسکور کی۔ یہ پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں دوسری تیز ترین نصف سنچری تھی۔